انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز

حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کردی جبکہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت صوبائی حکومت کو انتخابات کیلئے درکار فنڈز جاری کرنے کی تلقین بھی کردی گئی ہے الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج پولنگ سٹیشنز پر ہی سنانے کے احکامات بھی جاری کر دئیے ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے چیف سیکرٹری آفس پشاور میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے حوالہ سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان کے ہمراہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی، پاک فوج کے افسران، سیکرٹری بلدیات ، سیکرٹری داخلہ، خزانہ ، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن، صوبائی الیکشن کمشنر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا محمد رازق نے بتایا کہ 31مارچ کو ہونیوالے دوسرے مرحلے کے انتخابات 18اضلاع کی 65 تحصیلوں میں ہورہے ہیں جن میں مجموعی طور پر 80لاکھ 57ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ ان انتخابات کے لئے 6ہزار176پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں ایک ہزار646انتہائی حساس اور 2ہزار326حساس قرار دئے گئے ہیںجس کیلئے سکیورٹی کی فراہمی کی ضرورت ہے ، محمد رازق نے بتایا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائینگے، انہوں نے کہاکہ مجموعی طور پر 28ہزار 20امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا، جن میں سٹی مئیر اور تحصیل چئیر مین کی نشستوں کے لئے 651امیدوار ویلیج و نیبر ہڈکونسلوں میں جنرل نشستوں کے لئے 12ہزار 980 خواتین کی نشستوں کے لئے 2ہزار668، مزدور و کسان کی نشستوں کے لئے 6ہزار451، نوجوانوں کی نشستوں کے لئے 5ہزار213اور اقلیتی نشستوں کے لئے 57امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں تجاوزات اور ناقص صفائی کے خلاف کریک ڈاون، بیکریاں سیل

سیکرٹری بلدیات خیبر پختونخوا نے بتایا کہ انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اس موقع پر حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی ہدایت کی اور کہا کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشنوں پر لیڈی ہیلتھ ورکرز ،محکمہ تعلیم اور دیگر رضاکار ان کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے مزید جہاں فنڈز کی فراہمی سے متعلق افسران نے درخواست کی ہے تو صوبائی حکومت فنڈز کی فوری فراہمی یقینی بنائے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولنگ سامان کی ترسیل اور پولنگ سٹاف اور میٹیریل کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے اور پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج پولنگ سٹیشنوں پر ہی سنائے جائیں اور ان کی کاپی تمام امیدواروں اور پولنگ ایجنٹوں کو موقع پر فراہم کی جائے تاکہ انتخابات کے تمام مراحل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔سیکورٹی کے حوالہ سے انسپکٹر جنرل آف پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتہائی حساس، حساس اور نارمل پولنگ اسٹیشنوں میں سکیورٹی کا مناسب بندوبست کیا گیا ہے اور جہاں ضرورت پڑیگی وہاں ریزرو سکواڈ اور دیگر اضلاع جہا ں انتخابات نہیں ہو رہے ہیں وہاں سے کمی کو پورا کیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  سعودی عرب سے کراچی آنے والے مسافر میں منکی پاکس کی علامات