ملک بھر میں بازار رات ساڑھے8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وزرائےاعلیٰ نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے ملک گیر اقدامات پر وفاقی کابینہ کے فیصلوں سے اصولی اتفاق کرلیا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے شرکت کی۔ خیبرپختونخوا کی نمائندگی چیف سیکرٹری نے کی۔ اجلاس میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے قومی حکمت عملی پر اہم مشاورت ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کے 7 جون 2022 کے اجلاس میں توانائی کی بچت کے حوالے سے تجاویز اور فیصلوں سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیاگیا۔ چاروں صوبوں نے بازار اور دکانیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کی تجویز پر اصولی طور پر اتفاق کیا ۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے دودن کی مہلت مانگی تاکہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں تجارتی وکارباری تنظیموں سے مشاورت مکمل کریں۔ وزرائےاعلیٰ نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت میں پولیس اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید