سیلاب متاثرین کیلئے 10 ارب روپے کی امداد

وزیراعظم کا کےپی میں سیلاب متاثرین کیلئے 10 ارب روپے کی امداد کااعلان

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ ضلع کالام سوات کا دورہ کیا۔ انہوں نے کالام میں مقامی افراد اور پھنسے ہوئے سیاحوں سے ملاقات کی، وزیر اعظم کی ہدایت پر پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کے لئے ہیلی کاپٹر فراہم کردیا گیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق وزیراعظم خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقے کالام اور کانجو پہنچے، دورہ کے موقع پر کالام میں پھنسے ہوئے سیاحوں سے ملاقات کی، سیاحوں کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپیر فراہم کرتے ہوئے فوری محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی اور اپنی نگرانی میں سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں کی بحالی کا حکم دیا۔
سیلاب زدہ علاقے کانجو میں وزیراعظم کو سیلاب سے نقصان، ریسکیو اور ریلیف کے کاموں پر بریفنگ دی گئی، دوران بریفنگ کہا گیا کہ سیلاب سے پلوں ،شاہراہوں ہوٹلوں اورگھروں کو نقصان پہنچا، کانجو میں سیلاب سے 22افراد جاں بحق ہوئے ہیں، بھاری مشینری کے ذریعے شاہراہوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔
بعد ازاں دورہ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے لیے 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے تباہی ہوئی کیونکہ لوگوں نے دریا کے اوپر اور اندر تعمیرات کر رکھی تھیں۔ آرمی چیف نے سیاحوں کو منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹرز فراہم کیے ہیں،
این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، صوبائی حکومتوں اور افواج پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر داد دیتا ہوں، سیلاب اور بارشوں سے بہت زیادہ تباہی پڑی ہے۔ وفاقی حکومت نے این ڈی ایم اے اور بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 28 ارب روپے جاری کیے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ فی خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے، برادر ممالک بھی اس مشکل میں سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں اور ہمیں جہاں جہاں سے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز ملیں گے ہم اس کے امین ہیں۔
آئی ایم ایف پروگرام پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کرے آئی ایم ایف کا یہ ہمارا آخری پروگرام ہو، ہم سب کو مل کر ان مشکل حالات سے نکلنا ہو گا

مزید پڑھیں:  عمران خان اور جنرل فیض کیخلاف کیسز میں ثبوت اکٹھے کرنے کا دعویٰ