پشاور گھریلو تنازعات

پشاور، گھریلو تنازعات ودیگر وجوہات پر خاتون سمیت 4افراد قتل

ویب ڈیسک : پشاور کے مختلف علاقوں میں گھریلو تنازعات ودیگر وجوہات پر خاتون سمیت 4افراد کو قتل کردیا گیا ِ،چمکنی میں کلینک سے واپسی پر خاتون جبکہ گلی روندہ میں راضی نامہ کے گواہ کو راستے سے ہٹانے کیلئے قتل کردیا گیا، قتل کی وارداتوں کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعات کے مطابق پہاڑی پورہ میں مسماة سلمیٰ دختر فرید اللہ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ گھر میں موجود تھی اسے اطلاع ملی کہ رنگ روڈ نزد ٹائور آفس اس کے شوہر محمد علی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے.

اسی طرح شاہد ولد عبدالرشید نے پولیس کو بتایا کہ محلہ ہدایت اللہ گلی روندہ میں ملزمان آفتاب، بختیار اور طاہر نے ان پر فائرنگ کی جس سے اس کا بھائی یونس لگ کر جاں بحق جبکہ وہ اورتیسرا بھائی بال بال بچ گئے۔ قتل کی وجہ یہ تھی کہ فریقین کے درمیان جائیداد تنازعہ میں راضی نامہ میں مقتول یونس گواہ تھاجسے راستے سے ہٹانے کیلئے قتل کردیاگیا۔ ادھر متنی میں جنت بی بی نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے شوہر شیردین کے ہمراہ بیٹی سیما کے گھر بڈھ بیر جارہے تھے کہ راستے میں ملزم گل آفتاب بامسلح آیا اورفائرنگ کرکے اس کے شوہرشیردین کوگولیاں ماردیں اورفرارہوگیا ۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ: اراضی تنازعہ پر فریقین آمنے سامنے، فائرنگ میں 3 افراد جاں بحق
مزید پڑھیں:  صیہونیوں کی خوفناک بمباری کے باعث 46 فلسطینی شہید

مدعیہ نے بتایا کہ ملزم گل آفتاب اس کی بیٹی سیما کا دیورہے اور وقوعہ کے روز ملزم نے اس کی بیٹی کے ساتھ لڑائی کی تھی ۔ چمکنی میں مسماة ناہیدہ سکنہ حسن آباد نے رپورٹ درج کرائی کہ وہ شوہر اور مسماة عظمیٰ کے ہمراہ چغل پورہ نزد مسجد لطیف شاہ میں کلینک گئی تھی ،واپسی پر رکشہ میں سوار ہوکر واپس آرہے تھے کہ ملزم مثال ولد جعفرشاہ نے ان پر فائرنگ کردی جس سے مسماة عظمیٰ لگ کر جاں بحق ہوگئی ،وجہ عناد گھریلو تنازعہ بتایاجاتاہے ،پولیس نے الگ الگ رپورٹس درج کرکے تفتیش شروع کردی۔