خیبرپختونخوا کے 3 قومی اسمبلی نشستوں پر کون بازی لے گا؟

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 8 نشستوں پر آج ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں خیبرپختونخوا کا این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور شامل ہے۔
این اے 22 مردان:
این اے 22 مردان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مضبوط امیدوار جمیعت علماء اسلام کے مولانا محمد قاسم اور جماعت اسلامی کے امیدوار عبدالواسع کا چیلنج درپیش ہے۔
اس حلقے سے 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے علی محمد خان کامیاب قرار پائے تھے، جب کہ 2002 اور 2008 کے جنرل الیکشن میں اس حلقے سے مولانا محمد قاسم ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
این اے 24 چارسدہ:
چارسدہ حلقہ این اے 24 میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان، جماعت اسلامی کے ایڈووکیٹ مجیب الرحمٰن اور مزدور کسان پارٹی کے سپرلے غورزنگ مقابلے کے میدان میں آمنے سامنے ہیں۔
چارسدہ، حلقہ این اے 24 اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کا اپنا آبائی حلقہ بھی ہے،پی ڈی ایم اور بالخصوص جے یو آئی کی ووٹ بینک کی بدولت ایمل ولی خان عمران خان کو شکست دینے کا امکان ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے 2018 میں پہلی مرتبہ این اے 24 چارسدہ سے الیکشن جیتا تھا، پی ٹی آئی کے امیدوار فضل محمد خان نے 83 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرلیے تھے۔
این اے 31 پشاور:
حلقہ این اے 31 پشاور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اے این پی کے غلام احمد بلور اور جماعت اسلامی کے محمد اسلم سمیت 8 امیدوار مدمقابل ہیں۔ اس حلقے سے 5 امید وار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑرہےہیں۔این اے پشاور31 میں پی ٹی آئی کے شوکت علی نے غلام احمد بلور کو شکست دیا تھا۔
واضح رہے اس مرتبہ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان تمام ضمنی انتخابات اپنی جماعت کے امیدوار کی حیثیت سے خود ہی لڑ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ، معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا درندہ صفت انسان گرفتار