ارشد شریف شہید

سپریم کورٹ نے ارشد شریف شہید ،اعظم سواتی کیسز کا نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اعظم سواتی اور ارشد شریف شہید کیسز کا نوٹس لے لیا، آپ کا مقدمہ ہیومن رائٹس سیل دیکھ رہا ہے، عمران خان توہین عدالت کیس کے دوران چیف جسٹس کا اعظم سواتی سے مکالمہ
ویب ڈیسک: سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں عمران کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی سماعت کے دوران پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی بھی عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر چیف جسٹس نے اعظم سواتی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ جو ہوا بہت درد ناک ہے، آپ کا کیس ایچ آر سیل میں ہے، عدالت اس معاملے میں محتاط ہے۔
چیف جسٹس نے مکالمہ کیا کہ آپ کبھی سپریم کورٹ کے ریسٹ ہاؤس میں نہیں ٹھہرے، اس پر اعظم سواتی نے جواب دیا کہ آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں، میں کوئٹہ فیڈرل لاج میں ٹھہرا تھا، اس موقع پر اعظم سواتی نے سوال کیا کہ کیا میں مبینہ ویڈیو آپ ججز کے علاوہ کسی کو دکھا سکتا ہوں؟
چیف جسٹس نے کہا کہ پیمرا اور پی ٹی اے کو مبینہ ویڈیو ہٹانے کا حکم دے دیتے ہیں، اس پر پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے جو ویڈیو ہٹائی جائے وہ ویڈیو نہ ہو جو مجھے بھیجی گئی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ارشد شریف شہید کیس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے قتل پر ان کی والدہ کے خط پر بھی ایچ آر سیل تحقیق کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قتل پرفیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی رپورٹ کو دیکھیں گے، تحقیقاتی کمیشن معاملے کی تحقیق کیلئے کینیا گیا تھا، اس کمیشن سے رپورٹ منگوا رہے ہیں، پہلے مواد آجائے پھر معاونت میں آسانی ہوگی، مواد کے بغیر تو عدالت ادھر ادھر سر مارتی رہے گی۔

مزید پڑھیں:  ضلع بنوں میں سابق رجسٹرارمحکمہ مال تاج مالی خان اغواء