پنجاب اسمبلی تحلیل روکنے پر مشاورت

شہبازشریف اورزرداری کارابطہ،پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے پرمشاورت

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پنجاب حکومت کی تبدیلی سے متعلق آپشنز پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پنجاب میں رونما ہونے والی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق گفتگو کی جبکہ دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال سمیت صوبائی اسمبلیوں کی ممکنہ تحلیل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے لیے دستیاب تمام قانونی و آئینی آپشنز زیرغور ہیں، سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل کی جلد شنوائی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے حمزہ شہباز کو اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ادھر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر مسلم لیگ ن کا ہنگامی مشاورتی اجلاس ماڈل ٹا ئون میں ہوا۔
عمران خان کے سیاسی اعلان کا مقابلہ کرنے کے لیے لیگی ارکان سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔ مسلم لیگ ن پنجاب کی صوبائی پارلیمانی ایڈوائزری گروپ نے حمزہ شہباز کی سربراہی میں 2 گھنٹے سے زائد بھرپور مشاورت کی اور عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے منصوبے کو روکنے کے لئے پنجاب میں گورنر راج لگانے سمیت دیگر آپشنز بھی زیر غور آئے۔ بعدازاں عظمیٰ بخاری کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد منشیات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے اور سپریم کورٹ میں دائر مسلم لیگ ن کی پٹیشن کو سننے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور گورنر کی جانب سے وزیراعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے سمیت مختلف آپشنز زیرغور ہیں، تحریک انصاف کے اپنے اراکین بھی اسمبلی ٹوٹنے کے حق میں نہیں، وہ ہم سے رابطوں میں ہیں۔ لیگی ترجمان عظمی بخاری نے کہا کہ عمران خان اپنی مایوسی کی وجہ سے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم اس کو ہر صورت روکیں گے۔

مزید پڑھیں:  حکومت نے بلند شرح سود پر 57کھرب36 ارب کا قرضہ لیا