نوشہرہ:پولیس وین پرحملہ،3اہلکارشہید

ویب ڈیسک :نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں جی ٹی روڈ پرپولیس موبائل وین پر حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہو گئے ۔ڈی پی او نوشہرہ عمر خان کے مطابق سوریاخیل پولیس چوکی کے محررہیڈ کانسٹیبل منظورخان،سپاہی امان اللہ اور ڈرائیور ایازخان موبائل وین میں معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران عراق آباد ایل آر بی ٹی ہسپتال کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے پولس موبائل وین پر اچانک حملہ کردیا اوراندھا دھند فائرنگ شروع کردی ،فائرنگ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکارموقع پر شہید ہوگئے۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس گاڑی کوبھی شدید نقصان پہنچا۔ واقع کی اطلاع پر ریسکیو 1122کی امدادی ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی جنہوں نے شہدا کے جسدخاکی ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کئے ۔ڈی پی او کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور دوتھے ۔پولیس نے وقوعہ کے بعدپورے علاقے کو گھیرے میں لیکرسرچ آپریشن شروع کردیاہے۔بعدازاں رات گیارہ بجے پولیس لائن میں تینوں شہداء کی نمازجنازہ اداکی گئی جس میں محمدعلی گنڈاپور ،عمرخان سمیت اعلیٰ پولیس افسران،ڈپٹی کمشنرخالداقبال سمیت دیگر سول اورفوجی افسران نے شرکت کی ۔
شہیداہلکاروں میں سے ڈرائیور ایاز کاتعلق بارام کلے اور دوسرے دونوں شہداء کاتعلق خویشگی سے ہے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ محمودخان نے نوشہرہ میں اکوڑہ خٹک کے قریب پولیس موبائل پر حملے کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔محمودخان نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوناک ہے، شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

مزید پڑھیں:  بنوں، نامعلوم حملہ آوروں کے ہاتھوں ایف سی اہلکار قتل