پاکستان ڈیفالٹ نہیں

پاکستان درست سمت میں گامزن ہے، ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں، وزیرخزانہ اسحاق ڈار

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور اپوزیشن کی جعلی قیاس آرائیوں کے باوجود ڈیفالٹ نہیں ہوگا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ کچھ سنجیدہ رویہ اپنائیں اور معمولی سیاسی فائدے کے لیے ملکی معیشت کو نقصان نہ پہنچائیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج اور سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں بہت کلیدی کردار ادا کررہےہیں، ذمہ داری سنبھالی تو ایس ای سی پی اور سٹاک مارکیٹ پر توجہ مرکوز کی۔
انہوں نے کہا کہ درآمدات پر پابندیوں کا مقصد معیشت کو بچانا ہے، ہم نے درآمدات پر پابندی نہیں لگائی ہے بلکہ مختلف کیٹیگریز کے تحت درآمدی اشیاء کو ترجیح دی ہے تاکہ ضروری اشیاء کو ترجیحی بنیادوں پر درآمد کیا جاسکے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ادویات اور خوردنی تیل سمیت ضروری اشیاء کو کیٹیگری ون میں، توانائی کی درآمدات کو کیٹیگری ٹو میں، ایکسپورٹ اورینٹڈ انڈسٹری کی درآمدات کو کیٹیگری تھری میں جبکہ زرعی صنعت کی درآمدات کو کیٹیگری فور میں رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں قتل عام کی گواہی، برطانوی سرجن پر 29 یورپی ممالک کے دروازے بند
مزید پڑھیں:  عدلیہ میں‌مداخلت پر توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہیے تھی، سپریم کورٹ

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔