فلور ملزکی حکومت کو سستی گندم درآمد کرنے کی پیشکش

ویب ڈیسک :خیبر پختونخوا میں آٹے کا بحران قابو کرنے کیلئے فلور ملز ایسوسی ایشن نے دو لاکھ میٹرک ٹن سستی گندم بیرون ملک سے درآمد کرنے کی پیشکش کر دی اور یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ گندم پاکستانی کرنسی میں خریدی جائیگی ڈالرز میں خرید و فروخت کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مشرق ٹی وی کے پروگرام سنٹر پوائنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا صابر بنگش نے کہا کہ صوبے میں جاری بحران شدید ہے تاہم اگلے سیزن میں یہ بحران اس سے بھی شدید ہوگا سیلاب متاثرہ فصلیں ملک کی ضرورت پوری نہیں کر سکتیں
سندھ میں گندم کی فصل اپنی ضرورت پوری کرتی ہے لیکن اس بار سندھ میں جو فصل ہوئی ہے وہ انتہائی کمزور ہے جس کے بعد سندھ کا دار و مدار پنجاب پر ہوگا اور ملک میں گندم کا بحران شدید ہو جائیگا۔ صابر بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت کو پیشکش کی گئی ہے کہ فلور ملز مالکان خود دو لاکھ میٹرک ٹن گندم تاجکستان اور ازبکستان سے منگوا سکتے ہیں جس کیلئے بات بھی کرلی گئی ہے
صوبائی حکومت اس معاملہ کو وفاق کے ساتھ اٹھائے اور منظور حاصل کرے طورخم کے راستے یہ گندم پشاور میں پہنچ جائیگی صابر بنگش نے کہا کہ اس وقت پنجاب کی گندم ساڑھے 13ہزار سے لیکر 14ہزار روپے 100کلو بوری دستیاب ہے جبکہ تاجکستان اور ازبکستان سے درآمد کی جانیوالی 100کلو بوری 9 ہزار روپے کی پشاور میں میسر ہوگی جبکہ لین دین بھی پاکستانی روپیہ میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت یہ معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائے اور منظوری حاصل کرے تاکہ آئندہ سیزن میں گندم کے بحران کو قابو کرنے کیلئے پیشگی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

مزید پڑھیں:  دہشتگردی کیخلاف جنگ مشترکہ لائحہ عمل کے تحت لڑینگے، بیرسٹر ڈاکٹرسیف