مفت آٹا اسکیم

بنوں، مفت آٹا اسکیم جاتے جاتے مزید دو شہریوں کی جان لے گئی

ویب ڈیسک: مفت آٹا تقسیم شدید بد نظمی اور بد انتظامی میں اختتام پذیر، آٹے کے حصول کیلئے قطاروں میں کھڑے مزید دو شہری جان کی بازی ہار گئے، تقسیم کے عمل کے دوران روزانہ کی بنیاد پر شکایات موصول ہوتی رہیں، بعض ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر مستحقین کا آٹا ووٹر لسٹوں میں درج ان کے شناختی کارڈ پر چوری چھپے نکالنے کا انکشاف ہوا ہے، دس دس کلو کے پانچ لاکھ پچپن ہزار 270 آٹے کے تھیلے تقسیم کئے گئے، بنوں میں رمضان المبارک کے شروع سے جاری مفت سرکاری آٹا اسکیم اختتام پذیر ہو گئی ہے
پہلے پہل ایک لاکھ85 ہزار90 خاندانوں کیلئے صرف15 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس مقرر کئے گئے تھے جو انتہائی کم ہونے کی بناء پر ہر ایک ایک پوائنٹ پر ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین آٹے کے حصول کیلئے انتظار کرتے جس سے شدید بد انتظامی کا سامنا کرنا پڑتا، سحری کے اوقات سے روزانہ رجسٹریشن کیلئے شہری پوائنٹس پر آجاتے اور دو پہر یا سہ پہر تک یا تو آٹا لیجاتے اور یا خالی ہاتھ واپس لوٹ جاتے، آئے روز خواتین کے احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے اور آٹا پوائنٹس کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کرتے رہے
جس پر انتظامیہ کی جانب سے تعداد بڑھا کر ویلج کونسل کی سطح پر آٹا دیا جانے لگا، بنوں ممش خیل میں آٹے کے حصول کیلئے سینکڑوں شہری انتظار میں کھڑے تھے کہ آٹے کا بھرا ٹرک دیوار کیساتھ ٹکرانے سے شہری ملبے تلے آ گئے جس کی وجہ سے دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے جسے حادثہ قرار دیتے ہوئے مقدمہ نہ درج کیا جا سکا، بنوں میرانشاہ روڈ ایکسین کے بنگلے کیساتھ کھڑے کئے گئے
ٹرک سے انتظامیہ کی گاڑی میں مفت آٹے کے تھیلے ڈالنے کی مختصر سی ویڈیو وائرل ہوجانے پر پولیس کی جانب سے تردید آئی جبکہ ضلعی انتظامیہ نے اس کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تاہم انکوائری رپورٹ جاری نہ کی جا سکی، ایک دو مقامات پر شہریوں نے آٹے سے بھرے زرنج رکشے اور ڈاٹسن کو بھی لوٹا اور انتظار کئے بغیر دیکھتے ہی دیکھتے آٹے کے تھیلے لے گئے ، بعض ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر ایسے واقعات بھی رونما ہوئے جہاں شہریوں کے شناختی کارڈ پر پہلے سے آٹا کسی متبادل نے چوری چھپے نکال لیا تھا، ضلعی انتظامیہ سے مقف کیلئے رابطہ کیا گیا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں قتل عام کی گواہی، برطانوی سرجن پر 29 یورپی ممالک کے دروازے بند