کورونا کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی ختم

ساڑھے تین سال بعدکورونا کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک:عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)نے تقریبا ساڑھے تین سال بعد عالمی وبا کورونا کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی کے خاتمے کا اعلان کردیا۔کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 کے اختتام پر چین سے ہوا تھا اور جنوری 2020 تک یہ وائرس دیگر ممالک تک پھیل گیا تھا، جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے اسے گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا تھا۔عالمی ادارہ صحت نے 30 جنوری 2020 کو کورونا کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا تھا اور پھر ایک ماہ بعد 12 مارچ 2020 کو اسے عالمی وباقرار دیا گیا تھا۔ کورونا کی وجہ سے گزشتہ ساڑھے تین سال میں دنیا بھر میں 29 اپریل تک 7 کروڑ 65 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد متاثرہوئے جب کہ اس سے 69 لاکھ 21 ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔
کورونا کی عالمی صحت ایمرجنسی کو ختم کرنے سے قبل عالمی ادارہ متعدد بار خبردار کر چکا تھا کہ شاید ہی کورونا اب کبھی ختم ہو لیکن اب ادارے نے اس کے کم ہونے کی تصدیق کردی۔خبر رساں ادارے رائٹرزکے مطابق عالمی ادارہ صحت نے 5 مئی کو کورونا کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کیا، تاہم واضح کیا کہ یہ سمجھنا غلط ہوگا کہ بیماری ختم ہوگئی۔عالمی ادارے کے سربراہ ٹیدروس ادہانوم نے جنیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کورونا کی عالمی صحت ایمرجنسی کے خاتمے کا اعلان کیاانہوں نے بتایا کہ ادارے کے ماہرین صحت کا اجلاس 4 مئی کو ہوا تھا، جس میں کورونا کی تبدیل ہوتی صورتحال پر غور و فکر کرنے کے بعد تجویز دی گئی تھی کہ اس کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی کو ختم کرنا چاہئے۔

مزید پڑھیں:  دیر بالا، اسوڑئی درہ میں گاڑی کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق