ادویات کی بار کوڈنگ

ایل آر ایچ کو ادویات کی بار کوڈنگ اور اندراج کی ہدایت

ویب ڈیسک: قومی احتساب بیورو نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کو سات سے10 دنوں تک تمام تعمیرات، بھرتی اور خریداریوں سے متعلق پانچ سالہ ریکارڈ جمع کرنے اور آئندہ سے تمام ادویات کی بار کوڈنگ اور اندراج یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز نیب حکام کو ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے
اس بریفنگ کیلئے چند روز قبل انتظامیہ کو پیشگی بنیادوں پر آگاہ کیا گیا تھا۔ پیر کے روز ہسپتال ڈائریکٹر بریگیڈئر ریٹائرڈ ابرار خٹک نے بریفنگ دی اس موقع پر نیب کے حکام کے علاوہ ہسپتال کے انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ نیب حکام نے انتظامیہ پر زور دیا کہ آئندہ سے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات کی بار کوڈنگ کی جائے گی اور ڈاکٹرز کی جانب سے تجویز کردہ ادویات کا ریکارڈ بھی برقرار رکھا جائے گا تجویز کردہ ادویات کی مقدار کم رکھی جائے گی اور ادویہ ساز کمپنیوں کی مراعات کیلئے ادویات کی زیادہ مقدار تجویز کرنے سے اجتناب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نیب حکام نے ہدایت کی کہ جن مریضوں بالخصوص بچوں کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہوتے ہیں ان کے والدین کے شناختی کارڈ کا نمبر او پی ڈی پرچی پر لازمی لکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہسپتال کیلئے خریدی جانے والی ادویات کا ریکارڈ بھی رکھا جائے گا بریفنگ میں ہسپتال انتظامیہ کو گذشتہ پانچ سال کی بھرتی ، تعمیرات اور خریداریوں کا ریکارڈ بھی سات سے دس دنوں کے دوران نیب کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  عالمی بینک کے ساتھ مذکرات کا آغاز، 8ارب ڈالرز ملنے کی توقع