نگران کابینہ مشاورت

نگران کابینہ کیلئے مشاورت مکمل، جلیل عباس کو وزارت خارجہ کا قلمدان ملنے کا امکان

ویب ڈیسک: پاکستان کے 8ویں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حلف اٹھاتے ہی اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے کارروائیاں تیز کر دی ہیں، اس سلسلے میں انہوں نے اپنی کابینہ کے لیے مشاورت بھی مکمل کرلی ہے اور تقریباً تمام نام فائنل کر لیے گئے ہیں جن کا اعلان جلد متوقع ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ میں غیر جانبدار اور پروفیشنل لوگوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگران کابینہ میں وزارت اطلاعات سید محمد علی کو دیے جانے کا امکان ہے جو ایک دفاعی تجزیہ کار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران کابینہ میں وزارت خارجہ کی ذمہ داری سابق سفارتکار جلیل عباس جیلانی کو سونپے جانے کا امکان ہے، وہ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر بھی رہ چکے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیر خزانہ کے لیے گزشتہ روز سلطان علی الانہ کا نام فائنل کیا گیا تھا تاہم ان کی دوہری شہریت کی وجہ سے اب نگران وزیر خزانہ کے لیے مزید دو ناموں پر غور کیا جارہا ہے جن میں سے کسی ایک کو یہ ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیر داخلہ کے لیے سرفراز بگٹی کا نام سامنے آنے کا غالب امکان ہے جس کی ایک وجہ ان کا سابق وزیر داخلہ ہونا بھی ہے۔

مزید پڑھیں:  اورکزئی :پولیس اہلکار مطالبات کے لئے سڑکوں پر آگئے