دہشت گرد گرفتار

باجوڑ اور کراچی دہشت گردی میں ملوث 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

ویب ڈیسک: رینجرز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے باجوڑ اور کراچی میں دہشت گردی میں ملوث کالعد م تنظیم داعش کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز اور ایس آئی یو نے خفیہ معلومات پر گڈاپ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار کرلئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشتگرد میں فرمان اللہ عرف احتشام عرف علی عرف رحمت اللہ اور داوٴد عرف امیر صاحب شامل ہیں، ملزمان سے دستی بم اور اسلحہ و دیگر ایمونیشن بھی برآمد ہوا ہے۔
رینجرز ترجمان کا بتانا ہے کہ فرمان اللہ عرف احتشام عرف علی عرف رحمت اللہ داعش کا سرگرم رکن ہے، دہشت گرد صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ اور کراچی میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں مطلوب تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کا سرغنہ ساتھی سکندر 2020 میں کراچی سے گرفتار ہوا جبکہ یہ دہشتگرد افغانستان فرار ہو گیا تھا کچھ عرصہ قبل واپس کراچی آکر روپوش ہو گیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد کے ساتھی باجوڑ میں سیکورٹی فورسز کیخلاف مقابلوں میں ہلاک ہو چکے، ان دہشت گردوں کے خلاف سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم داوٴد عرف امیر صاحب کا تعلق تحریک طالبان باجوڑ سے ہے، ملزم نے حال ہی میں تحریک طالبان چھوڑ کر داعش میں شمولیت اختیار کی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم ساتھی فرمان اللہ عرف احتشام کے ساتھ ملکر گروپ کو دوبارہ منظم کر رہا تھا، گرفتار ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ ان ملزمان کو اسلحہ و ایمونیشن قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  بلاول نے اپوزیشن اراکین کو غلط الفاظ سے پکارا،بیرسٹر گوہر