خودکش سے نہیں ڈرتے

خودکش حملہ آوروں سے نہیں ڈرتے، سرنڈر نہیں کرینگے، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے واضح پیغام دیا ہے کہ خودکش حملہ آوروں سے نہیں ڈرتے اور دہشت گردی کیخلاف سرنڈر نہیں کریں گے۔
ویب ڈیسک: کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کل ہی وزیرستان میں ہمارے 10 جوان شہید ہوئے، دہشتگردی کے خلاف جنگیں صرف کچھ افراد نہیں لڑتے، دہشتگردی کے خلاف جنگیں پوری قوم لڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کے سامنے کسی صورت سرینڈر نہیں کریں گے، خودکش حملہ آوروں سے نہیں ڈرتے، خارجیوں کیلئے کھلا پیغام ہے ان میں لمبے عرصے تک لڑائی کی سکت نہیں، ہم نہ اپنے شہداء کی قربانی بھولیں گے نہ آئندہ قربانی سے گریز کریں گے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کی قربانیوں کا صلہ ان کی عزت اور تکریم ہے، بٹگرام میں پاک فوج کی ریسکیو کارروائی نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا، سکول کے بچوں نے جس ہمت کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔
قبل ازیں نگران وزیراعظم نے معروف کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بے روزگاری، مہنگائی اور خوراک کی کمی کا سامنا ہے، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں تاجر برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل خدمت اور عبادت ہے، تاجر برادری ملک میں فنی تربیت کے فروغ میں کردار ادا کرے، ہر ممکن کوشش کریں گے کہ تاجروں کے مسائل حل ہوں، ہم کاروباری طبقے کو سنیں گے، کاروباری طبقہ حکومت، ریاست کو سنے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ بہت محدود ہے، نئے پارلیمان کے وجود تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے، نگران حکومت بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور شفاف انتخابات کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پرحملے کی کوشش ناکام، 4خودکش بمبار ہلاک