ایشیاء کپ

گرین شرٹس کا ایشیاء کپ کا فاتحانہ آغاز، نیپال کو 238 رنز سے شکست

ویب ڈیسک: ایشیاء کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے مدمقابل نیپال کی ٹیم کو 238 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ میگا ایونٹ کے ملتان میں کھیلےگئے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے کپتان بابر اعظم اور افتخار احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 343 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔ قومی ٹیم کے اوپنرز اس بار پھر دھوکہ دے گئے، فخر زمان 14 جبکہ امام الحق 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر محمد رضوان اور بابراعظم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 111 رنز پر پہنچا دیا۔ اس کے بعد قومی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آغا سلمان صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، افتخار احمد نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا، بابر اعظم 151 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔ یوں قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔
نیپال کی جانب سے سومپل کامی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرن اور سندیپ لمیچا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 343 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں نیپالی ٹیم کافی مشکلات کا شکار رہی اور 24ویں اوور میں 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں نیپال کی بیٹنگ لائن خزاں رسیدہ پتوں کی طرح بکھر گئی۔ نیپال کی جانب سے سومپل کامی 28 اور عارف شیخ 26 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے، پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید پڑھیں:  جعلی سرکار کو جلد زمین بوس کردیں گے ، بیرسٹر سیف