آپ ﷺ کا اسوہ حسنہ تمام انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے، اعظم خان

آپ ﷺکاخطبہ حجتہ الوداع ایسا منشور ہے جو رہتی دنیاتک انسانوں کی رہنمائی کاسرچشمہ ہے، وزیراعلیٰ
ویب ڈیسک: عید میلا د النبی ﷺکے موقع پر نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت پوری انسانیت کے لئے باعث سعادت و رحمت ہے، پوری امت مسلمہ باالخصوص اہل پاکستان کو عید میلادالنبیﷺ مبارکب ہو ۔
محمد اعظم خان نے کہا کہ آپﷺ کی آفاقی تعلیمات نے بنی نوع انسان کو اندھیروں سے نکال کر انسانیت کی معراج تک پہنچا دیا، آپﷺ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ ﷺ کا اسوہ حسنہ تمام انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر انسان دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوسکتا ہے، آپﷺ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ آپ ﷺکاخطبہ حجتہ الوداع ایسا منشور ہے جو رہتی دنیاتک انسانوں کی رہنمائی کاسرچشمہ ہے، آپ ﷺانسانیت کے نجات دہندہ اورحقیقی محسن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں میں امانت ،دیانت ،خیرخواہی اوراسلامی بھائی چارے کوفروغ دینا ہو گا، ریاست مدینہ کے سنہرے اصولوں کو اپنا کرہی ایک ترقیافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  آزادی مارچ مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی سمیت کئی رہنما بری