ایم ڈی کیٹ کے دوبارہ انعقاد کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

ویب ڈیسک: پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے دوبارہ انعقاد کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس عبدلشکور اور جسٹس ارشد علی نے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے ٹیسٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی، اس دوران ایڈووکیٹ جنرل اور پی ایم ڈی سی وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 6 ہفتوں میں ٹیسٹ دوبارہ ہوگا، پی ایم ڈی سی 6 ہفتوں میں ٹیسٹ کے لئے تاریخ دے گا۔ اس حوالے سے پی ایم ڈی سی کے وکیل نے کہا کہ کونسل کی اپرول سے سال میں صرف ایک بار ٹیسٹ ہوگا، اس پر جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ کیا پی ایم ڈی سی نے خود سے انکوائری نہیں کی، کونسل اگر ذمہ دار ہے تو اتنے بڑے واقعہ پر نوٹس کیوں نہیں لیا، پی ایم ڈی سی کا کردار غیر پیشہ ورانہ ہے، آج بھی کونسل کا کوئی بندہ پیش نہیں ہوا۔
درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹاپر نے کوہاٹ بورڈ بھی ٹاپ کیا، پہلے کبھی نقل پکڑنے سے پورا امتحان کینسل نہیں ہوا، ذہین طلباء نے اس ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے بھرپور محنت کی ہے لہٰذا ٹیسٹ کینسل کرنا ذہین طلباء کے ساتھ نا انصافی ہوگی۔
درخواست گزار کے وکیل کے دلائل پر عدالت نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے ری کنڈکٹ سے ذہین طلباء پھر نمبر لے لیں گے، دوسری جانب سرکاری وکیل نے ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کی استدعا کر دی۔ پشاور ہائی کورٹ نے تمام وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا حکومت کا سیاحوں کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ