عالمی برادری فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کو روکے، آرمی چیف

ویب ڈیسک: سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر نے فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع سے ملاقات کی، اس دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینیوں کے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی افواج کے فلسطین پر طاقت کے استعمال کو روکے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع سے ملاقات کی اور غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
ملاقات میں آرمی چیف نے اسرائیلی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں کے بے دریغ قتل، سکولز، یونیورسٹیز، امدادی کارکنوں اور ہسپتالوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی انسانیت کے خلاف صریح جرائم ہیں۔ آرمی چیف نے 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہونے والی آزاد ریاست فلسطین کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ فلسطین کا دارالحکومت القدس الشریف ہے، غزہ میں تشدد کی تازہ لہر جبر، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ریاستی سرپرستی میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا نتیجہ ہے، اس جنگ کو دہشت گردی سے جوڑنا نادانی ہوگی۔
آرمی چیف نے کہا کہ اس نازک موڑ پر یہ ضروری ہے کہ بین الاقوامی برادری اسرائیلی فورسز کی طرف سے طاقت کے غیر متناسب اور غیر قانونی استعمال کی وجہ سے رونما ہونے والے انسانی المیے کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے متحرک ہو۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کارکن کامران خان گمشدگی کیس:پشاور ہائیکورٹ نے جواب طلب کرلیا