اسرائیل کا زمینی حملہ شروع، بڑے پیمانے پر شہادتوں کا خدشہ

غزہ پر اسرائیل کا زمینی حملہ شروع، مواصلاتی نظام تباہ، غزہ کا دنیا سے انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی رابطہ ختم.
ویب ڈیسک: اسرائیل نے غزہ پر بیک وقت فضا اور زمین سے حملے شروع کر دیئے جن کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی شہادت کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی طیاروں نےغزہ پر وحشیانہ بمباری کی جس کے باعث غزہ میں کمیونیکیشن کا نظام مکمل تباہ ہوگیا۔ فلسطینی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں آخری انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی جس کے باعث مواصلات کا نظام مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے جس سے دیگر علاقوں سے رابطوں میں بھی رکاوٹ آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق غزہ کا دنیا سے انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی رابطہ بھی ختم ہوگیا۔ الجزیرہ کے مطابق تقریباً 100 اسرائیلی طیارے غزہ پر بمباری کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسرائیل کا زمینی حملہ شروع،توپ خانے کی غزہ پر گولہ باری جاری ہے جبکہ الشفا ہسپتال کے قریب بھی بمباری کی گئی ہے۔
مواصلاتی رابطے منقطع ہونے کے باعث فوری طور پر بمباری میں ہونے والے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ دوسری جانب اسرائیلی حملوں میں شہداء کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

مزید پڑھیں:  وزارتوں اور ڈویژنز کو پروفیشنلز کی تلاش کا اختیار مل گیا