حماس اسرائیل جنگ میں شدت، 10 ہزار سے زائد فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: حماس اسرائیل کی جنگ کو ایک ماہ مکمل ہونے کو ہے جبکہ اس دوران 10 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ اس سے تین گنا زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں مزید شدت آگئی ہے۔ ایک رات میں غزہ پر ڈھائی ہزار حملوں میں مزید 280 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے اب جنگ کے میدانوں سے ہٹ کر ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنانا شروع کر رکھا ہے۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ترکش فوٹوگرافر کے 4 بچے اور 4 بھائی خاندان والوں سمیت شہید ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ پر ایک ماہ کے دوران اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک 4 ہزار 880 بچوں سمیت 10ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ اس وحشیانہ بمباری کی زد میں آ کر 28 ہزار کے قریب فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
ہسپتالوں پر صیہونیوں کی بمباری سے زخمی طبی امداد سے بھی محروم ہیں جبکہ اس دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں سینکڑوں زخمی فلسطینی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی افواج کی بمباری کے زد میں غزہ کا مغربی کنارہ بھی آ چکا ہے، ان حملوں میں 152 فلسطینی شہید اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں:  ججز خط:پی ٹی آئی نے چیف جسٹس کاطرزعمل مایوس کن قراردیا