حماس اور اسرائیل کے مابین 3 روزہ جنگ بندی کا امکان

ویب ڈیسک: حماس اور اسرائیل کے مابین قیدیوں کے بدلے 3 روزہ جنگ بندی کا امکان ظاہر کیا جانے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق غزہ میں گھسنے والی صیہونی فوج کو القسام بریگیڈز کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ القسام بریگیڈز نے اسرائیلی فوج پر حملوں کی نئی ویڈیو جاری کردی ہے جس میں القسام کے جنگجوؤں کو اسرائیلی ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
القسام بریگیڈز کے مطابق جنگ کے 33 ویں روز 16اسرائیلی ٹینک اور فوجی گاڑیاں مکمل یا جزوی تباہ کی گئیں۔ جنگجوؤں نے سنائپر کے ذریعے اور مختلف ہتھیاروں سے غاصب فوجیوں کو نشانہ بنایا۔
حماس غزہ میں 33 روز سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے بعد 3 روز کی جنگ بندی کا امکان ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 12 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 3 دن سیز فائر کے لیے مذاکرات ہو رہے ہیں، ان یرغمالیوں میں 6 امریکی شہری بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے حماس ذرائع کا کہنا ہےکہ 3 روزہ جنگ بندی کا مقصد غزہ میں امداد پہنچانا ہے۔ یاد رہے کہ 33 روزی کی خونریز جنگ کے بعد حماس اور اسرائیل کے مابین 3 روزہ جنگ بندی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  خضدار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، سینئر صحافی سمیت 3 افراد شہید