غزہ میں آگ اور خون کا کھیل جاری، مزید 214 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: حماس اسرائیل جنگ 33 ویں روز میں داخل ہو گئی اس دوران غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ تواتر کیساتھ جاری ہے. صیہونیوں کی متشدد کارروائیوں کی بدولت مزید 214 فلسطینی شہید ہو گئے جس کے ساتھ شہداء کی مجموعی تعداد ساڑھے 10 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی۔
ذرائع کے مطابق غزہ میں آگ اور خون کا 33 روز سے جاری کھیل مزید گھمبیر ہو گیا، اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں میں بڑی تعداد بچوں کی شامل ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سےبتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 214 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 569 ہوگئی۔ ان شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 4 ہزار 324 بچے، 2 ہزار 823 خواتین اور 649 معمر افراد شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے ان 33 دنوں میں مجموعی طور پر 26 ہزار 475 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس دوران غزہ کے 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 193 طبی ورکرز شہید جبکہ 45 ایمبولینسوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ڈیفنس فار چلڈرن انٹرنیشنل فلسطین نامی غیر سرکاری تنظیم نے بتایا کہ 1967ء سے 7 اکتوبر 2023 سے قبل مغربی کنارے اور غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں جتنے بچے شہید ہوئے، اس سے دوگنا زیادہ بچے ایک ماہ کے دوران شہید ہو چکے ہیں جبکہ 1350 بچے ابھی بھی عمارات کے ملبے تلے موجود ہیں اور ان میں بیشتر ممکنہ طور پر شہید ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ہمارا تعلیمی نظام موجودہ حالات کے تقاضوں کے مطابق نہیں، سرفراز بگٹی