جنگ بندی موخر، اسرائیلی بمباری سے مزید 62 افراد شہید

جبالیہ میں اسرائیلی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 52 افراد شہید، مجموعی تعداد 15 ہزار سے متجاوز ہو گئی۔
ویب ڈیسک: اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار، جنگ بندی موخر کر دی، صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کا سلسلہ مزید ایک روز جاری۔ تفصیلات کے مطابق قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے حوالے سے اسرائیل نے کہا ہے کہ غزہ میں 4 روزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی جمعہ تک شروع نہیں ہوگی۔ اسرائیل کے قومی سلامتی کے مشیر نے مزید کہا ہے کہ جنگ بندی کا آغاز جمعے کے روز سے ہوگا، اس سے پہلے کسی قیدی کو نہیں چھوڑا جائے گا جبکہ قیدیوں کی رہائی کا آغاز اصل معاہدے کے مطابق ہوگا۔
یاد رہے کہ 4 روزہ عارضی جنگ بندی کے معاہدے کے تحت اسرائیل سے 150 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کے بدلے حماس کی جانب سے 50 یرغمالی خواتین اور بچوں کو رہا کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے میں غزہ کے لیے انسانی امداد اور ایندھن کی فراہمی بھی شامل ہے۔ توقع کے برعکس ایک اور اسرائیلی عہدیدار نے کہا ہے کہ جھڑپوں کا سلسلہ آج بھی نہیں رکے گا۔
ذرائع کے مطابق جنگ بندی کا معاہدہ طے پا جانے کے باوجود صیہونی فورسز فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہیں، جبالیہ میں شدید بمباری سے ایک ہی خاندان کے 52 افراد شہید ہوگئے جبکہ خان یونس میں بھی 10افرادلقمہ اجل بن گئے۔
غزہ میں صیہونی مظالم سے شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی، شہدا میں6 ہزار سے زائد بچے اور 3600 خواتین شامل ہیں جبکہ 33ہزارسے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
7 اکتوبر سے اب تک صیہونی فوج کے حملوں میں غزہ کا پورا انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے اور ہسپتال اور تعلیمی ادارے بھی کھنڈر بن چکے ہیں۔ ابھی عارضی جنگ بندی بھی اسرائیلی ہٹ دھرمی کی بھِنٹ چڑھنے کا خدشہ ہے کیونکہ ان کی جانب سے 4 روزہ عارضی جنگ بندی موخر کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  لاہور میں کرنٹ لگنے سے 5افراد جھلس گئے