سائفر کیس‘ عمران خان نے کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے سائفر کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا‘اب تک کی کارروائی غیرقانونی قرار دےکر بری کرنے کا مطالبہ کیا ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 23 نومبر سے اب تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی غیرقانونی اور انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے،12 دسمبر کو ٹرائل کورٹ نے سائفر کیس کے خلاف ہماری درخواست مسترد کی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ جج نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ13 (2)(3) میں لفظ شکایت کی درست تشریح نہیں کی، قانون میں لفظ ‘شکایت’ کی تشریح واضح ہے، قانون کے مطابق شکایات کا مطلب کسی الزام پر مجسٹریٹ کے روبرو زبانی یا تحریری استدعا ہے جب کہ پولیس افسر کی رپورٹ کا ذکر نہیں، کرمنل پروسیجر کی دفعہ 4 (h) میں بھی لفظ شکایت کو واضح کیا گیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ ایک اسپیشل قانون ہے جو عام قانون سے مختلف ہے، اسپیشل لاءہونے کی وجہ سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا اطلاق کرتے ہوئے قانونی طریقہ کار اپنانا ضروری ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف زیر سماعت سائفر کیس ایف آئی آر اورپولیس رپورٹ کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے، سائفر کیس میں اب تک کی کارروائی غیرقانونی قرار دےکر عمران خان کو بری کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کا پنجاب کے کاشت کاروں سے گندم خریداری کا آغاز