پشاور، لوڈشیڈنگ کے خلاف تین شاہراہوں پر دھرنے، ٹریفک نظام درہم برہم

ویب ڈیسک: پشاور میں تین مقامات پر دھرنے اور احتجاج کے باعث شہر میں ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا ۔ کئی گھنٹے تک گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور احتجاج طویل ہونے کے باعث شام ڈھلنے تک پشاور کی ٹریفک معمول پر نہ آسکی۔
گزشتہ روز ٹاﺅن پولیس سٹیشن کے سامنے مقامی آبادی نے لوڈشیڈنگ کیخلاف دھرنا دیا جس کے باعث یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر جام ہوگئی.
پشتخرہ چوک میں باڑہ روڈ کی عدم تکمیل کیخلاف مقامی آبادی نے دھرنا دیا جبکہ جی ٹی روڈ پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے اسرائیل کیخلاف احتجاج کیا اور دھرنا دیا.اس کے باعث جی ٹی روڈ مکمل طور پر بند ہوگیا.
احتجاجی دھرنوں کے باعث دو گھنٹے سے زائد تک ٹریفک نظام درہم برہم رہا ۔ گاڑیوں کی لائنیں لگنے کے باعث ایمبولینس گاڑیاں ، ریسکیو 1122کی گاڑیاں بھی رش میں پھنسی رہیں جبکہ چھٹی کے بعد کالج کی گاڑیاں بھی پھنسی رہیں ۔
خیبر روڈ، جی ٹی روڈ اور رنگ روڈ بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے بدترین رش کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں بھی طے نہیں ہوسکا ۔ایمبولینس گاڑیاں سائرن بجاتے ہو ئے راستہ مانگتی رہیں تاہم راستہ نہ کھل سکا۔
اہم شاہراہوں کی بندش کے باعث نشترآباد روڈ، اشرف روڈ ، خیبر بازار روڈ ، جناح پارک روڈ ، چارسدہ روڈ ،ورسک روڈ، دلزاک روڈ اور دیگر شاہراہوں پر بھی بدترین ٹریفک جام رہا ۔ جس کے باعث شہریوں کو شدید ترین مشکلات کاسامنا کرنا پڑ ا۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور کی توپوں کارخ مولانا فضل الرحمان کی طرف