نگران وزیراعلیٰ

دہشتگردی خطرات کے باوجود الیکشن کیلئے تیار ہیں ‘نگران وزیراعلیٰ

ویب ڈیسک :خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے بعض علاقوں میں دہشت گردی خطرات کے باوجود ہم الیکشن کے لئے تیار ہیں ۔
پشاور میں پولیس شہدا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب اپنے لیے باعث فخر سمجھتا ہوں اور یہ ہمارے شہدا کے احسانات کو یاد رکھنے کی تقریب ہے۔
بہادر پولیس اور افواج پاکستان نے دشمن کے خلاف مقابلہ کیا، ہماری پولیس نے جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے اور ایمان کی وجہ بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے، جو قومیں اپنے محسنوں کو بھول جاتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں، سب سے بڑا محسن اس قوم کا شہید ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ فنانس ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کردی ہے، پولیس کی یادگاروں کی تزین و آرائش حکومت کروائے گی جبکہ شہدا فنڈ کے لیے 1 کروڑ روپے کا اعلان بھی کرتا ہوں۔
اس موقع پر انہوں نے ملک میں انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے لیے ہم تیار ہے لیکن بعض علاقوں میں دہشت گرد موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی اور بدامنی کے چند واقعات کو پورے الیکشن کو موخر کرنے کے جواز کے طور پر پیش نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور آئی جی کو باجوڑ میں فائرنگ پررپورٹ تین روزمیں پیش کرنےکی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں:  بجٹ 2024، ایف بی آر کا ٹیکس ہدف12ہزار400ارب رکھنے کی تجویز