بلاول

پیپلز پارٹی ایک بار پھر دہشتگردوں کے نشانے پر ہے‘بلاول

ویب ڈیسک :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری جماعت ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ میں بچہ ہوں اور ڈر جاؤں گا تو یہ ان کی بھول ہے۔
کچھ سازشی قوتیں ایک بار پھر پیپلز پارٹی کو نشانہ بنا رہی ہیں، سازشی قوتوں کو معلوم ہے کہ جس طرح میں ملک کے دکھ درد کا احساس کرتا ہوں اس طرح کوئی احساس نہیں کرتا،ان کو معلوم ہے کہ اگر میں وزیراعظم بنتا ہوں تو ان کی سازشیں ناکام ہوجائیں گی۔
خضدار میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سازشی قوتوں کو معلوم ہے کہ جس طرح میں ملک کے دکھ درد کا احساس کرتا ہوں اس طرح کوئی احساس نہیں کرتا، ان کو معلوم نہیں کہ میں شہید بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں اور بلوچستان کے شہدا کا دکھ سمجھتا ہوں، وہ جانتے ہیں کہ میں بلوچستان کے حالات جانتا ہوں، وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ میں نہ صرف دہشت گردوں کا مقابلہ کروں گا بلکہ لاپتہ افراد کا مسئلہ بھی حل کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کو معلوم ہے کہ اگر کوئی بلوچستان اور وفاق میں دراڑیں کم کرسکتا ہے تو بلاول بھٹوزرداری ہے، ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں کرتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو جھکتی نہیں ہے، ڈرتی نہیں ہے اور عوام کے حق پر سودا نہیں کرتی، پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو بلوچستان کو حق دلوا سکتی ہے۔ ’
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سازشی جانتے ہیں کہ اگر صدر اٹھارویں ترمیم پر اگر پورے طریقے سے عمل ہوتا اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کو حقوق ملتے، اور آغاز حقوق بلوچستان کے تحت بلوچستان کے عوام کو حقوق ملتے تو آج بلوچستان کے حوالے سے جتنی سازشیں پک رہی ہیں سب ختم ہوجاتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری جماعت ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ یہ تو بچہ ہے خوف زدہ ہوکر پیچھے ہٹ جائے گا یہ ان کی بھول ہے، سازشی ٹولے نے اور دہشت گردوں نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر کتنے حملے کیے، مستونگ، تربت، بولان اور خضدار میں حملے ہوئے ان کا خیال تھا جیالے گھبرا جائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا، پی پی شہیدوں کی، غیرت مندوں کی جماعت ہے جو کسی دہشت گرد کے سامنے جھک نہیں سکتی۔

مزید پڑھیں:  دیر بالا، گاڑی گہری کھائی میں جا گری، 12 سالہ بچہ جاں حق