وفاقی کابینہ

وفاقی کابینہ نے پی آئی اے تنظیم نو کی منظوری دےدی

پشاور کی 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے ‘ لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ کو پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے طور پر تعیناتی کی بھی منظوری
ویب ڈیسک :وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز کی تنظیم نو اور پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تجویز پر خیبرپختونخوا میں چار احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی –
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز پر پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے ان عدالتوں کے ججز کی تقرری کے حوالے سے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز منظور بھی کرلی۔ اعلامیے کے مطابق باقی ماندہ عدالتیں احتساب عدالتوں کے طور پر کام کرتی رہیں گی۔ ان تبدیلیوں سے قومی خزانے پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
وفاقی کابینہ نے نجکاری ڈویڑن کی سفارش پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائینز گزشتہ کئی برسوں سے خسارے میں ہے جبکہ کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں میں پی آئی کی مالی و انتظامی تنظیم نو کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
کابینہ کو مزید بتایا فنانشل ایڈوائزر کی جانب سے بین الاقوامی مثالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی مالیاتی تنظیم نو کا منصوبہ تشکیل دیا ہے جس کے تحت پی آئی اے کو دو کمپنیوں ٹاپ-کو (TopCo)اور ہولڈ-کو (HoldCo) میں تقسیم کردیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کے بنیادی آپریشنز انجنئیرنگ، گراو¿نڈ ہینڈلنگ، کارگو، فلائیٹ کچن اور ٹریننگ کو ٹاپ-کو جبکہ دیگر ادارے جیسا کہ پریسیڑن انجینئرنگ کمپلیکس -Precision Engineering Complex، پی آئی اے انوسٹمنٹ لمیٹیڈ- PIA Investment Limited اور دیگر ذیلی اداروں و پراپرٹیز کو ہولڈ -کو (Hold-Co)میں شامل کیا جائے گا۔
شرکا کو بتایا گیا کہ ان اقدامات سے سر مایہ کاروں کو پی آئی اے کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے نجکاری کو حکومتی ملکیتی اداروں کے پی آئی اے پر تصفیہ طلب رقوم کے حوالے سے معاملات جلدنمٹانے کے ہدایت بھی دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت نجکاری کی سفارش پر فرسٹ وویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کی منظوری بھی دے دی۔
اس کے علاوہ کابینہ نے وزارتِ دفاع و پیداوار کی سفارش پر لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ کو پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی جس پر اطلاق 30 نومبر 2023 سے ہوگا۔
وزارت خارجہ کی سفارش پر کابینہ نے میجر عابد منصور خان کو سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے خدمات کے اعتراف میں ملنے والے ایوارڈ نوت شجاعت اور نوت شرت وصول کرنے کی اجازت دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر محمد اشرف خان، پروٹوکول افسر کے لیے ا±ن کی خدمات کے اعتراف میں آسٹریا کی حکومت کی جانب سے گولڈ میڈل وصول کرنے کی اجازت دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر ان ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دے دی جو کہ انتہائی ضروری ادویات کی نیشنل لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ ان تجاویز کے تحت نیشنل لسٹ میں موجود انتہائی ضروری ادویات کے علاوہ ادویات کی قیمتوں کو ڈرگ ایکٹ 1976 سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا اور ڈرگ پرائیسنگ پالیسی 2018 میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستیں، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی