رمضان اوراشیائے صرف کی مہنگائی

اردو محاورے کے مطابق ہاتھی کے پائوں میں سب کا پائوں کے مصداق ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان کے اس بیان کو اگر پورے صوبے کیلئے پالیسی قرار دیا جائے اور اس حوالے سے مناسب اقدامات اٹھانے پر توجہ دی جائے تو یقیناحکومتی اداروں کیلئے اسے مشعل راہ بنانے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان منصور ارشد نے جہاں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون کو برقرار رکھنے کی تلقین کی ہے وہاں عوام کو سستی اشیاء کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ جہاں تک امن و امان برقرار رکھنے کا تعلق ہے تو یہ تمام متعلقہ سرکاری حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے ،اس لئے اگر ڈی سی ڈیرہ نے اپنے ماتحت افسران کو اس حوالے سے اقدام اٹھانے پر توجہ دینے کی جوہدایت کی ہے وہ ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے، اسی طرح اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول رکھنے اور عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی بھی ان افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے ، بدقستی سے ہمارے ہاں رمضان المبارک کے آغاز سے ہی عوام پر مہنگائی مسلط کرکے انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کی کمی نہیں ہے ،اس لئے متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے بھر میں اپنے اپنے اضلاع میں گراں فروشی کا تدارک کرکے عوام کوسہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دیں۔

مزید پڑھیں:  پہلے تولو پھر بولو