عمر ایوب

قومی اسمبلی میں آج اراکین نے غیرآئینی طور پر حلف اٹھایا، عمر ایوب

ویب ڈیسک:قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سنی اتحاد کونسل کے رہنما عمر ایوب نے کہا کہ قومی اسمبلی میں آج اراکین نے غیر آئینی طورپر حلف اٹھایا ہے ۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ جن اراکین نے آج حلف اٹھایا ہے تو وہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، وہ غیرآئینی طور پر لے رہے ہیں، اس کے علاوہ پشاور ہائی نے حکم امتناع دیا ہوا ہے لہذا ان کے حلف کو کالعدم قرار دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میرے قائد عمران خان نے مجھے قائد حزب اختلاف نامزد کیا، میں یہاں اپنے قائد کی نمائندگی کررہا تھا، میں اپنے قائد سے اڈیالہ جیل میں ملنے گیا، ہم لوگوں کے پاس عدالت کا حکم تھا لیکن اس کے باوجود اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی، ہمیں ملنے نہیں دیا اور یہ بارہا کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا جائے کہ جس آئین کے تحت ہم نے حلف اٹھایا ہے اس آئین کی حیثیت کیا ہے، کیا جیل سپرنٹنڈنٹ اس آئین کے تابع آتا ہے یا نہیں آتا، کیا وہ کسی حکومت یا کسی عدالت کے تابع ہے یا نہیں ہے، کیا اسد وڑائچ نامی جیل سپرنٹنڈنٹ اپنے آپ میں مکمل طاقت کا حامل ہے اور وہ خود فیصلہ کرے گا کہ میں عدالتوں کے جج صاحبان کا حکم نہیں مانوں گا تو ہمیں بتا دیا جائے کہ جس ملک میں قانون کی حکمرانی ہے ہی نہیں وہ کیسے چلے گا، یہ نظام اس طرح نہیں چل سکتا۔

مزید پڑھیں:  یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا اور چینی کی قیمتیں اوپن مارکیٹ سے زیادہ