وزیراعلیٰ

نیو پشاور ویلی منصوبے پر جلد عملدرآمد کیلئے حکمت عمل ترتیب دی جائے،وزیراعلیٰ

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے نیو پشاور ویلی کے مجوزہ منصوبے پر جلد عملدرآمد کے لئے حکمت عمل ترتیب دینے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں سرکاری اورنجی نئی ہاؤسنگ سکیموں سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے علاوہ ہاؤسنگ کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق معاملات پر غوروخوض کیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، ہائوسنگ کے شعبے کو ترقی دے کر نہ صرف لوگوں کی رہائشی سہولیات پوری کی جاسکتی ہیں بلکہ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت ہاؤسنگ کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کرے گی، اس شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اس سلسلے میں مروجہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ایز آف ڈوئینگ بزنس پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کرے گی،سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے اور پیچیدگیوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم تجویز کی جائیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے متعلقہ محکمے اور ادارے ایک مربوط حکمت عملی اپنائیں۔
علی امین گنڈا پور نے نیو پشاور ویلی کے مجوزہ منصوبے پر جلد عملدرآمد کے لئے حکمت عمل ترتیب دینے کی ہدایا ت جاری کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد کیلئے قابل عمل ایکشن پلان کو حتمی شکل دی جائے۔

مزید پڑھیں:  آڈیٹر جنرل رپورٹ، سمارٹ کارڈز بارے نیا پینڈورا باکس گھل گیا