کمشنر پشاور کانوٹس

بچے فروخت کرنے کی ویڈیو پر کمشنر پشاور کانوٹس،بیروزگار نوجوان کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک: بچے فروخت کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کا نوٹس ،پشاور ٹیلہ بند کا رہائشی بے روزگار نوجوان شیر زمان کو سرکاری نوکری،بچوں کی سرکاری اخراجات پر تعلیم و تربیت اور نقد رقم دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ نواحی علاقے ٹیلہ بند کا ایک بیروزگار نوجوان غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے اپنے بچوں کو فروخت کرنا چاہتا تھا ۔
ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کو فوری ہدایات جاری کئے جس پر علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر احسن علی شاہ کے ذریعے نوجوان کو بچوں سمیت سرکاری گاڑی میں ڈپٹی کمشنر آفس لایا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر آفس میں سابق صوبائی وزیر عاقل شاہ نے اپنی جانب سے نوجوان کو ڈیڑھ لاکھ روپے نقد امداد فراہم کی جبکہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو ڈبلیو ایس ایس حسن ناصر نے نوجوان کو بطور سینٹری ورکر نوکری دلانے کے لیے اسناد وصول کئے نوجوان کے بچوں کو تعلیم و تربیت کے لئے فلاحی ادارے زمنگ کور منتقل کیا جائے گا ۔
اس موقع پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ شیر زمان کے بچے بھی ہمارے بچے ہیں سوشل میڈیا کے صیح استعمال کی وجہ سے آج اس نوجوان کی مجبوری حکومت کے نوٹس میں آئی اور حکومت نے فوری اقدامات کئے ۔
انہوں نے کہا آئندہ بھی مجبور اور بے آسرا عوام کی خدمت جاری رہے گی ۔
میڈیا اس قسم کے مجبور اور بے آسرا لوگوں کی مشکلات حکومت اور عوام تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی نے شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پی اے سی نامزد کردیا