خیبر پختونخوامیں میٹرک امتحانات کی شفافیت کیخلاف پروپگنڈا گمراہ کن قرار

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا بورڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت چیئرمین پروفیسر نصراللہ خان منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے 8 تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں نے شرکت کی۔
بورڈ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 18 اپریل سے جاری میٹرک امتحانات کی شفافیت کیخلاف پروپگنڈا گمراہ کن قرار ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر مختلف بورڈز کی پیپر لیکج اور وقت سے پہلے پرچے آؤٹ ہونے کے حوالے سے خبریں من گھڑت ہیں۔ ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
بورڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ میٹرک امتحانات میں‌98 فیصد سے زائد امتحانی ہالز میں پرچے منظم اور شفاف طریقے سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ چند ایک مقامات سے کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر مختلف تعلیمی بورڈز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے عملہ کے 12 سے زائد افراد معطل کر کے ان کے خلاف انکوائری بٹھا دی ہے۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ انکوائری افسران چند روز میں اپنی سفارشات محکمہ تعلیم کو پیش کردیں گے۔

مزید پڑھیں:  مہمند، ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف جے یو آئی کا احتجاج، پشاور باجوڑ روڈ بند