نسیم شاہ کی دی ہنڈرڈ لیگ

نسیم شاہ کی دی ہنڈرڈ لیگ کیلئے این او سی کی درخواست مسترد

ویب ڈیسک: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹ کے نسیم شاہ کی دی ہنڈرڈ لیگ کیلئے این او سی کی درخواست پی سی بی نے مسترد کر دی ۔
پی سی بی کی جانب سے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو لیگ کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ کسی بھی انجری سے محفوط رہیں۔
ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کا دی ہنڈرڈ لیگ کیلئے برمنگھم فونکس کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا جس کے پیش نظر نسیم نے پی سی بی کو این او سی کیلئے درخواست دی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت اور کسی بھِی انجری سے محفوظ رکھنے کی خاطر نسیم شاہ کی لیگ کیلئے این او سی کی درخواست مسترد کر دی گئی ۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نسیم شاہ گزشتہ سال فٹنس مسائل سے دو چار ہوئے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے کئی سیریز میں شرکت نہیں کی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اب چونکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم میچز ہونے ہیں اور پیسر نسیم شاہ تینوں فارمیٹ کے کرکٹر ہیں، اس لیے انجریز سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر ان کی این او سی کی درخواست مسترد کی گئی۔
یاد رہے کہ بورڈ نے اپنے فیصلے سے قومی کرکٹر کو آگاہ کردیا ہے۔ نسیم شاہ دی ہنڈرڈ لیگ میں ایک لاکھ 25 ہزار پاؤنڈز کی مہنگی ترین کیٹیگری میں شامل تھے۔
ان کی اس آمدن کا پاکستانی روپے میں حساب لگایا جائے تو یہ لگ بھگ ساڑھے 4 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  امریکی صدر کا بیٹا ہنٹر بائیڈن بھی ٹیکس چوری میں ملوث نکلا