ٹی ٹی پی بڑا خطرہ

افغانستان میں موجود کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کیلئے بڑا خطرہ قرار

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ نے افغانستان میں موجود کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حملے کرنے کیلئے ٹی ٹی پی کوطالبان حکمرانوں کی سرپرستی حاصل ہے۔
ذرائع کے مطابق کالعدم دہشتگرد تنظیم ٹی ٹی پی پر اقوام متحدہ کی 15ویں رپورٹ سلامتی کونسل میں پیش کر دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی کو افغانستان میں افغان طالبان کی مکمل تائید اور حمایت حاصل ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے سے ساڑھے 6 ہزار کے درمیان جنگجو موجود ہیں، جنگجو افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرمیاں انجام دینے کے لیے پوری طرح سے آزاد ہیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو القاعدہ سے بھی آپریشنل اور لاجسٹک سپورٹ مل رہی ہے، افغانستان میں القاعدہ کے کارندے پاکستان میں حملوں کے لیے ٹی ٹی پی کی مدد کر رہے ہیں۔
سکیورٹی کونسل میں پیش کی گئی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو القاعدہ کے کیمپوں میں تربیت دی جا رہی ہے، کالعدم ٹی ٹی پی نے ننگرہار، قندھار، کنڑ اور نورستان جیسے سرحدی صوبوں میں کیمپ بنا رکھے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کابل پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی کو تیار نہیں ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل یو این مانیٹرنگ گروپ نے بھی ٹی ٹی پی کے حوالے سے اس سے ملتی جلتی رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ٹی ٹی پی افغانستان میں پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اور ٹی ٹی پی دہشتگردوں کے طالبان رہنمائوں کے ساتھ قریبی تعلقات بھی ہیں۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی فیصل کنڈی کو گورنر ہاؤس سے نکالنےکی دھمکی