پی ٹی آئی ممبران کے حلف

پی ٹی آئی ممبران کے حلف نامے ایک ساتھ الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا امکان

ویب ڈیسک: مخصوص نشستوں کے حوالے سے عدالتی فیصلے کے بعد آزاد اراکین کی جانب سے پی ٹی آئی سرٹیفکیٹ جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ٹی آئی ممبران کے حلف نامے ایک ساتھ الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
آزاد ممبران کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 75سے زائد ممبران نے حلف نامہ پارٹی قیادت کو جمع کرادیا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے آزاد ممبران کی تعداد 93 ہے۔ تمام پی ٹی آئی ممبران کے حلت نامے ایک ساتھ الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا امکان ظاہر کیا جانے لگا ہے۔
صوبائی صدر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے پی ٹی آئی ممبران کے حلف نامے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ریاض خان کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
پارٹی کے ممبران اسمبلی عاشورہ کے بعد تمام حلف نامے پارٹی قیادت کو جمع کرائیں گے ، اس لئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تمام حلف نامے ایک ساتھ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دی جائیں اس کے ساتھ ہی پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے.

مزید پڑھیں:  لکی مروت میں پولیس اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید