حکومت حواس باختہ

مینڈیٹ چورحکومت حواس باختہ ہوچکی ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چورحکومت حواس باختہ ہوچکی ہے، کیا فارم 47کی بنیاد پر بنی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ کرے گی ۔
وفاقی حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی پرپابندی کے لئے کارروائی کے فیصلے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت مینڈیٹ چور اور جعلی طریقے سے اقتدار پر قابض ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کا فیصلہ جعلی حکومت کی خواہش سے زیادہ کچھ نہیں ،مینڈیٹ چور حکومت سیاسی میدان میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا کسی صورت مقابلہ نہیں کر سکتی اس لئے اس طرح کی خواہش کا اظہار کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ تمام تر فسطائیت اور ہر قسم کے حربے استعمال کرنے کی باوجود مینڈیٹ چور حکومت کو منہ کی کھانی پڑھ رہی ہے، ملک کیا ان کے باپ کا ہے کہ یہ جو دل میں آئے فیصلے کریں۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ مخصوص نشستوں پر فیصلہ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق کیا ہے ان کو اسی فیصلے پر تکلیف ہو رہی ہے،موجودہ مینڈیٹ چور سرکار نے خود ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔
انہوں نے کاہ کہ الیکشن ٹریبونل اور مستقبل میں آنے والے فیصلوں سے ان کا دھڑن تختہ ہوجائے گا، مینڈیٹ چور سرکار کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ جعلی حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہاہے اسلئے بوکھلاہٹ میں احمقانہ بیانات دیئے جارہے ہیں ۔
علی امین گنڈاپور نے واضح کردیا کہ ہم نے پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا ہے، یہ جو بھی کریں ہم ان کا بھر پور مقابلہ کریں گے۔

مزید پڑھیں:  عدلیہ بغیر دباو کے آزاد فیصلے کر رہی ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ