بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات

وزیراعلیٰ کا بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان

بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کمیشن بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، اس کی رپورٹ کے بعد لائحہ عمل تیار کیا جائیگا، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کی جانب سے فوری ایکشن لیتے ہوئے کمیشن بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا بنوں صورتحال کی خود نگرانی کررہے ہیں اور بنوں انتظامیہ اور ذمہ داران کیساتھ رابطے میں ہیں، صوبائی حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت صورتحال قابو میں ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ کا بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کا فیصلہ اس لئے بھی کیا گیا تاکہ معاملہ کی حقیقت آشکار کی جا سکے۔ تحقیقاتی کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریگا۔
مشیر اطلاعات کے مطابق افسوسناک واقعہ کے فوری بعد وزیراعلی کے حکم پر ضلعی انتظامیہ، سیاسی اور سماجی عمائدین پر مشتمل جرگہ تشکیل دیا گیا تھا، اس کے بعد صورتحال قابو اور امن بحال ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ جرگے نے بحالی امن میں قابل تحسین کردار ادا کیا اور جرگے کی کوششوں سے صورتحال پرامن ہے۔ اب سیاسی و سماجی عمائدین اور انتظامیہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کمیٹی دیرپا امن اور آئندہ ایسے واقعات کے تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات پر مبنی لائحہ عمل تیار کریگی۔ امن و امان کے معاملے میں عوام کی مشاورت سے تمام اقدامات کئے جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا بھی اعلان کیا ہے، کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریگا اور پھر اسے پبلک کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ کے بعد ذمہ داران کے کردار کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی۔ بدقسمتی سے ناخوشگور واقعہ بنوں کینٹ میں گذشتہ دنوں خودکش دھماکے والی حساس جگہ پر رونما ہوا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ حساس مقامات پر عموما سیکورٹی ہائی الرٹ رہتی ہے، خودکش حملے میں فوجی جوان اور شہری شہید ہوئے تھے، اس مقام کی حساسیت بھی کل کے ناخوشگوار واقعہ کی ایک وجہ بنی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر عوام سے انتہائی احتیاط سے کام لینے کی درخواست ہے، پاکستان اور عوام دشمن عناصر حالات خراب کرنے کی تاک میں ہیں، ملک دشمن عناصر کو امن خراب کرنے کا موقع نہیں دینا چاہئے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ کمیشن کی رپورٹ میں ذمہ داروں کی نشاندہی ہوجائیگی، اس سے قبل افواہوں اور بلا تصدیق الزامات سے اجتناب کرنا چاہیئے، بلا تصدیق بیانات اور الزامات سے گریز اور منفی افواہوں کے خطرے سے آگاہ رہنا چاہئے۔

مزید پڑھیں:  مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پرحملے کی کوشش ناکام، 4خودکش بمبار ہلاک