چمکنی تا حیات آباد جدید بس

چمکنی تا حیات آباد جدید بس سروس منصوبہ شروع کرنے کی منظوری

پشاور کے عوام کیلئے خوشخبری، بی آر ٹی کے بعد چمکنی تا حیات آباد جدید بس سروس منصوبہ شروع کرنے کی منظوری، ابتدائی طور پر 100 بسیں چلیں گی۔
ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے پشاور میں جدید بس سروس منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے چمکنی سے حیات آباد تک چلنے والی جدید بس سروس منصوبہ کی منظوری خیبر پختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی بورڈ کے اجلاس میں دی۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بس سروس چمکنی سے براستہ رنگ روڈ، اتوار بازار تک چلائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چمکنی تا حیات آباد جدید بس سروس منصوبہ میں ابتدائی طور پر 100 بسیں چلائی جائیں گی جس سے ڈیڑھ لاکھ مسافر روزانہ کے حساب سے مستفید ہو سکیں گے۔
ایم ڈی خیبرپختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی عماد علی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بس سروس کی وجہ سے بی آر ٹی پر رش کم جائیگا کیونکہ موجودہ حالات میں بی آر ٹی پر بہت بوجھ ہے۔
نئے منصوبے کے تحت چلنے والی ان بسوں کی تعداد کو عوام کی سہولت کیلئے اور ضرورت کے تحت 200 تک لے جایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  ڈیجیٹل دہشتگردی روایتی جنگ سے زیادہ خطرناک ہے ،آرمی چیف