پولیس چوکی پر فائرنگ

پشاور میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ ،1اہلکار شہید

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقہ ارمڑ میں چوکی ارنڈو پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے اسنائپر گن سے فائر کئے گئے جبکہ جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے، واقعہ رات گئے پیش آیا۔
شہید کانسٹیبل سعید اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی جس میں سی سی پی او قاسم علی، ایس ایس پیز سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دہشتگردانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔
گورنر نے شہید پولیس اہلکار کے درجات بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ملک و قوم کا فخر ہیں۔

مزید پڑھیں:  راجگل متاثرین کا دھرنا 33ویں روز میں داخل، تجارتی سرگرمیاں معطل