آصف کرمانی

آصف کرمانی نے مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے مسلم لیگ ن کو باقاعدہ طورپر چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے ۔
آصف کرمانی نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک طویل عرصے سے نواز شریف کی قیادت والی پارٹی کے سیاسی معاملات سے خود کو دور کر رہے ہیں۔
موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ لوگ بجلی کے بلوں اور مہنگائی سے مر رہے ہیں جبکہ رہنماؤں کا ایک گروپ حکمرانوں کو ان کی غیر موثر طرز حکمرانی پر خوش کررہا ہے۔
سینئر سیاستدان نے کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا ۔
آصف کرمانی نے مزید کہا کہ وہ جلد ہی پارٹی چھوڑنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں تفصیلی بیان جاری کریں گے۔
واضح رہے کہ آصف کرمانی کو سابق وزیر اعظم نواز نے 2013 میں اپنے دور حکومت میں اپنا پولیٹیکل سیکرٹری مقرر کیا تھا، وہ سابق وزیر اعظم کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے ۔

مزید پڑھیں:  پشاور :قلعہ بالا حصار میں یوم دفاع و شہداء کے حوالے سے تقریب