بیرسٹر گوہر اور روف حسن گرفتار

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور روف حسن گرفتار

سی ڈی اے کی جانب سے پولیس کے ہمراہ تجاوزات کےخلاف سیکٹر جی ایٹ میں آپریشن، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور روف حسن گرفتار، خواتین اراکین بھِی حراست میں لے لی گئیں۔
ویب ڈیسک: سی ڈی اے کی جانب سے پولیس کے ہمراہ تجاوزات کےخلاف سیکٹر جی ایٹ میں آپریشن کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور روف حسن گرفتار کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد پولیس کے ہمراہ تجاوزات کےخلاف سیکٹر جی ایٹ میں آپریشن کیا گیا۔ اس دوران اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور روف حسن کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اس وقت سیکرٹریٹ میں موجود تھے ، ان کے ہمراہ پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں موجود خواتین کارکنان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
یاد رہے کہ اس دوران پولیس نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا ہے جبکہ اس کےساتھ ساتھ پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے اطراف میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق قیدی وین بھی پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچ گئی ہے تاکہ گرفتار پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور روف حسن کو اس میں لے جایا جا سکے، پولیس کی جانب سے مزید گرفتاریوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جانے لگا ہے۔
سیکرٹریٹ کی طرف جانے والے تمام راستے مکمل سیل کردیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینٹر شبلی فراز بھی پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل بھی تحریک انصاف کا سیکرٹریٹ سیل کرنے سمیت اس کا کچھ حصہ گرایا بھی گیا تھا.

مزید پڑھیں:  عدلیہ بغیر دباو کے آزاد فیصلے کر رہی ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ