وفاقی کابینہ کا طلب اجلاس ملتوی

تحریک انصاف پر پابندی کیلئے وفاقی کابینہ کا طلب اجلاس ملتوی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت تحریک انصاف پر پابندی کیلئے وفاقی کابینہ کا طلب اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جانا تھا۔
ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والا وفاقی کابینہ کا طلب اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ کل ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کی منظوری سمیت کئی اہم معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جانا مقصود تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کل وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کیا تھا جس میں پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق منظوری لی جانی تھی۔ اجلاس میں‌جہاں پی ٹی آئی پر پابندی کے بارے میں‌بات چیت کی جانی تھی وہیں تحریک انصاف کے رہنماوں بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی منظوری بھی لئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
کابینہ اجلاس کے دوران ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ اور دیگر امور کے حوالے سے بھی خصوصی طور پر غور و خوض کیلئے بھی شرکاء سے رائے طلب کئے جانے کا امکان تھا۔
یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصآف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر اپنی پریس کانفرنس میں‌کہا تھا کہ پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے.
اب اطلاعات ہیں کہ کل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  صدر مملکت نے اسلام آباد میں جلسے،جلوس ریگولیٹ کرنے بارے بل دستخط کردیا