جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج

عمران خان کا جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دینےکااعتراف

مجھے لگتا ہے 9 مئی مقدمات میں مجھے ملٹری جیل بھیجا جائیگا، ان کا پلان ہے کہ مجھے بھی ملٹری کورٹ لے کر جائیں۔ عمران خان نے جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دینے کا اعتراف کر لیا۔
ویب ڈیسک: 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے حملوں کے تناظر میں وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کہا تھا کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو جی ایچ کیو کے سامنے پُرامن احتجاج کریں گے۔
جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کو توڑ پھوڑ اور پرتشدد مظاہروں کی اجازت نہیں دی، بیرسٹر گوہر اور رؤف حسن کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 14 مارچ کو میرے گھر زمان پارک پر پولیس اور رینجرز نے حملہ کیا، میرے وکلا نے یقین دہانی دی تھی کہ ہم شامل تفتیش بھی ہوں گے، گرفتاری بھی دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس پر پھر پولیس نے مجھ پر دھاوا بولا، شیلنگ کی گئی۔ اس موقع پر مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ مجھےگرفتار کیا جائےگا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اپنی گرفتاری سے قبل جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کی کال دی تھی لیکن کبھی کسی کو توڑ پھوڑ اور پرتشدد مظاہروں کی اجازت نہیں دی۔
عمران خان نے کہا کہ عطاء تارڑ کا دعویٰ ہے کہ میں جیل کے وی آئی پی کمرے میں ہوں اگر عطاء تارڑ سچ بول رہا ہے تو آکر مجھ سے ملے، میڈیا دو منٹ کے لیے آکر میرے کمرے کا دورہ کرے، ڈیتھ سیل اور دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار ملزمان کے سیل کی دیواریں میرے کمرے کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری والے دن جو ہوا اسے کور کرنے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مجھَ لگتا ہے کہ مجھے بھی نو مئی مقدمات میں ملٹری جیل بھیجا جائیگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب پارٹی چیئرمین کو رینجرز اغوا کر کے لے جائے گی تو کارکنان جی ایچ کیو کے سامنے ہی مظاہرہ کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ہمارے پارٹی کے موجودہ چیئرمین اور ترجمان کو گرفتار کر لیا گیا، بیرسٹر گوہر ہمارے ایم این ایز کے دستخطوں کی تصدیق کرانے الیکشن کمیشن جا رہے تھے، میں پارٹی کے سینٹرل آفس پر پولیس چھاپے اور گرفتاریوں کی مذمت کرتا ہوں، انہوں نے جمہوریت کی دھجیاں اڑا دیں۔

مزید پڑھیں:  مولانا کو منانے کیلئے وفاق متحرک، 4وزارتوں سمیت گورنر شپ کی پیشکش