صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس

بنوں صورتحال پر صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلائے جانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بنوں امن کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلی ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے بنوں امن دھرنے میں شامل جرگہ ارکان نے ملاقات کی۔ اس دوران بنوں صورتحال پر صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو بلائے جانے کا فیصلہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نے امن کمیٹی ممبران کیساتھ گھل مل کر بنوں صورتحال اور دہشتگردی واقعات پر بات چیت کی۔ افسوسناک واقعے کے بعد انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کرنے پر وزیر اعلی نے امن کمیٹی ممبران کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ امن کمیٹی نے بنوں میں امن و امان قائم کرنے میں انتظامیہ کی مدد کی جو قابل تحسین اقدام ہے، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کے دن 25 جولائی کو بلایا جائیگا۔
بیرسٹر ڈاکٹرسیف کے مطابق صوبائی اپیکس کمیٹی میں دہشتگردی سے متعلق تمام امور پر بات ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پالیسی بنائی جائے گی۔
صوبائی مشیر اطلاعات نےکہا کہ امن کمیٹی کے تمام ممبران نے وزیر اعلی پر اعتماد کا اظہار کیا اور بنوں کے دوے کی دعوت دی، وزیراعلی کمیٹی ممبران کی دعوت پر بروز جمعہ بنوں کا دورہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بنوں میں علامتی دھرنا جاری رہے گا۔ جرگہ اراکین نے وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور سے ملاقات کر کے اپنے مطالبات پیش کیے، جرگے نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت اور مسلح گروپوں کے خاتمہ کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس کو بااختیار بنانے اور رات کو گشت کرنے پر بھی زور دیا۔
یاد رہے کہ اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا پولیس سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  ملک دشمنوں کو جہاں پائیں گے،سرکوبی کرینگے، آرمی چیف