اڈیالہ جیل میں گھسنے

اڈیالہ جیل میں گھسنے کی کوشش کرنیوالے کارسوار کیخلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک: اڈیالہ جیل میں گھسنے کی کوشش کرنے والے کار سوار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
واقعات کے مطابق راولپنڈی میں واقع حساس اڈیالہ جیل میں گھسنے کی کوشش کرنے والے کار سوار کیخلاف مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں اڈیالہ چوکی کے انچارج آفتاب احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم نے سیکورٹی اہلکاروں کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی۔ اس کی نیت انہیں مارنے کی تھی، اس دوران تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے کانسٹیبل فہد گر گیا اور اس نے بمشکل جان بچائی۔
مقدمے کے متن کے مطابق گاڑی کی ٹکر لگنے سے جیل گیٹ کا قبضہ ٹوٹ گیا اور اس موقع پر گیٹ کا کنڈا کھلنے پر ملزم نے جیل کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔
اڈیالہ چوکی کے انچارج کی مدعیت میں درج مقدمہ میں مزید بتایا گیا کہ پولیس، ایلیٹ فورس اور جیل سیکورٹی نے مل کر گھیرا ڈال کر ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔
یاد رہے کہ گرفتار ہونے والے ملزم مبشرحسین کا تعلق سمندری سے بتایا جاتا ہے۔ اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی قید ہیں.

مزید پڑھیں:  حسینہ واجد کو واپس لانا ہوگا : ڈاکٹر محمد یونس