سعودی ایئرلائن کا طیارہ فعال

آتشزدگی کا شکار سعودی ایئرلائن کا طیارہ فعال، جدہ روانہ

ویب ڈیسک: آتشزدگی کا شکار سعودی ایئرلائن کا طیارہ فعال کر دیا گیا۔ طیارہ پشاور ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے دوران آتشزدگی کا شکار ہوا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ آتشزدگی کا شکار سعودی ایئر لائن کے طیارے کو ڈیڑھ ہفتے مرمت کے بعد فعال کر دیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی ائیر لائن کا ایئر بس اے 330 طیارہ 11 جولائی کی صبح ریاض سے پرواز ایس وی 792 کے طور پر پشاور پہنچا، اس موقع پر لینڈنگ کے دوران طیارے کے لینڈنگ گیئر میں اچانک آگ لگ گئی۔
ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول پشاور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو رن وے پر ہی رکوایا اور ایمرجنسی ڈکلیئر کر کے طیارے میں سوار تمام 276 مسافروں سمیت 21 عملہ اراکین کو سلائیڈز کے ہنگامی راستوں سے باہر نکال کر محفوظ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن فائر بریگیڈ اور عملے نے فوری طور پر طیارے کی لینڈنگ گیئر میں لگی آگ بجھا دی۔
اس تمام تر صورتحال کے بعد پشاور ایئرپورٹ کا رن وے کئی گھنٹے بند رہا اور طیارے کو مکمل طور پر گراؤنڈ کیا گیا تھا۔
مرمت کا کام گزشتہ ڈیڑھ ہفتے سے جاری تھا جو آج صبح پایہ تکمیل تک پہنچا ، اب آتشزدگی کا شکار سعودی ایئرلائن کا طیارہ فعال کرکے جدہ کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
یاد رہےکہ سعودی ایئر لائن کا طیارہ گزشتہ چند روز قبل لینڈنگ کے دوران خراب ہو گیا تھا اور اس کے گیئر میں‌آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے اسے فوری طور پر گراونڈ کر کے اس کی مرمت کا کام شروع کیا گیا تھا.
اس دوران طیارے میں‌سوار مسافروں اور عملے کو بحفاظت طیارے سے باہر نکال کر محفوظ کیا گیا اور انتہائی سرعت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو بھی مکمل آتشزدگی سے بچا لیا گیا.

مزید پڑھیں:  عدلیہ بغیر دباو کے آزاد فیصلے کر رہی ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ