پاکستان کے آئین و قانون

پاکستان کے آئین و قانون کو نہ ماننے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے، گورنر

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے بگڑتے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین و قانون کو نہ ماننے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں یہاں امن تھا، 2012 اور موجودہ خیبرپختونخوا میں بہت فرق ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمان کے ایک بیان کے حوالے سے کہا کہ سربراہ جے یو آئی ف بھی کہتے ہیں کہ شام کو ڈی آئی خان میں کوئی گھر سے نہیں نکل سکتا، ہم بھی یہی کہتے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کو بنوں واقعے کے فوری بعد وہاں کا دورہ کرنا چاہئے تھا۔ سوشل میڈیا پر وقوعہ سے متعلق چلنے والی خبروں نے پریشانی بڑھا دی تھی حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ وہاں پولیس اور پاک فوج کے خلاف نعرے لگائے گئے۔
گورنر فیصل کریم نے مطالبہ کیا کہ فوج مخالف نعرے لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہے۔ انہوں نے دو ٹوک موقف میں کہا کہ پاکستان کے آئین و قانون کو نہ ماننے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پہلے بھی مشورہ دیا تھا کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے مگر ایسا نہیں کیا گیا اور اب وزیراعلیٰ کو یہ بات سمجھ آئی ہے۔ انہیں چاہئے تھا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے فوری ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلا لیتے.

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی فیصل کنڈی کو گورنر ہاؤس سے نکالنےکی دھمکی